مینگلور ،12؍ دسمبر (ایس او نیوز) پڑوسی سرحدی علاقہ کیرالہ کے کاسرگوڈ میں پولیس نے 2.88 کروڑ روپے مالیت کے ہیرے اور سونے کے زیورات کی چوری کے معاملہ میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس کی شناخت مینگلور کے قریب بنٹوال کے رہائشی عمران شفیع (36 ) کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ یہ شخص اصل میں اس چوری کے کلیدی ملزم فاروق کا بھائی ہے جو چوری کرکے زیورات کو اپنے بھائی عمران کے حوالے کرکے فرار ہوگیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ انہوں نے چوری کئے ہوئے زیورات پانچ بینکوں میں جمع کرائے تھے اور پچاس لاکھ روپیہ لون لیا تھا، پولس اب ضروری کاغذی کاروائیوں کے بعد زیورات واپس حاصل کرنے کی کاروائی میں جٹ گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کاسرگوڈ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بالا کرشنا نائر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے شفیع کو بنگلورو سے گرفتار کرلیا ہے اور اس کے بھائی فاروق کی تلاش جاری ہے۔
پولس نے عمران کے بینک اکاونٹ کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ سلطان گولڈ اینڈ جویلری میں ملازمت کرنے والے فاروق نے کورونا لاک ڈاون کے دوران 2.88 کروڑ روپئے مالیت کے سونے کے زیورات چرائے تھے، مگر گذشتہ ماہ اکاونٹ کی اوڈیٹ کے دوران چوری کا انکشاف ہوا تھا۔ پولس نے عمران کو عدالت میں پیش کرکے مزید پوچھ تاچھ کے لئے کسٹڈی میں لینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔